بھٹکل 4/ اپریل (ایس او نیوز) بھٹکل انجمن ویمن کالج کی پرنسپال رئیسہ شیخ نے خبر دی ہے کہ کرکرناٹکا اسٹیٹ اکّا مہادیوی ویمنس یونیورسٹی (بیجاپور) کی وہ طالبات جنہوں نے مختلف فیکلٹیز میں کسی بھی وجہ سے اپنے گریجویشن یا پوسٹ گریجویشن کا سلسلہ ادھورا چھوڑا ہے ان کے لئے پھر ایک بار امتحان دینے اور اپنا کورس مکمل کرنے کا سنہرا موقع فراہم کیا جا رہا ہے ۔
یونیورسٹی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلان کے مطابق ازسر نو اپنا کورس مکمل کرنے کے لئے اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی خواہشمند طالبات کے لئے پرانا نصاب ہی لاگو رہے گا اور انہیں اسی کے مطابق امتحان دینا ہوگا ۔ اس کے لئے آن لائن درخواست دے کر رجسٹریشن کروانا ہوگا ۔ 30 مارچ سے 30 اپریل تک عرضی داخل کرنے والوں کے لئے امتحان کی فیس بغیر جرمانہ 1000 روپے ہوگی ۔ اور یکم مئی سے 15 مئی تک عرضی داخل کرنے والوں کو امتحان کی فیس 1000 روپے کے علاوہ 1500 روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا ۔ آن لائن درخواستیں studentportal.universitysolutions.in پر لاگ ان کرکے داخل کی جاسکتی ہے۔
اس ضمن میں مزید معلومات کے لئے بھٹکل انجمن ویمن کالج کے دفتر پہنچ کر معلومات حاصل کی جاسکتی ہے، یا پرنسپال محترمہ رئیسہ شیخ سے بھی رابطہ کرکے تفصیلات لی جاسکتی ہے۔